سہ ملکی ون ڈے سیریز: پاکستان کا انگلینڈ کو ون ڈے میں 7 سال بعد شکست دے دی

سہ ملکی ون ڈے سیریز: پاکستان کا انگلینڈ کو  ون ڈے میں 7 سال بعد شکست دے دی

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آل راؤنڈر عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پر گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ صائم ایوب 8 رنز بنا کر 31 کے مجموعی اسکور پر سونی بیکر کا شکار بنے، جبکہ بابراعظم 34 رنز بنا کر 59 کے مجموعی اسکور پر ول جیکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 81 رنز پر گری، جب سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر حسن نواز اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالا اور پانچویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ سعد بیگ 54 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر گس اٹکنسن کی دوسری وکٹ بنے۔

پاکستان نے 27.3 اوورز میں 133 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دی تھیں، تاہم حسن نواز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل دوسری ون ڈے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 74 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ عرفات منہاس نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 211 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد حسن نواز جیمی اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: رضوان کی واپسی، پی سی بی کی اجازت کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی راہ ہموار

عرفات منہاس نے اس کے بعد فہیم اشرف کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 283 رنز تک پہنچایا۔ عرفات منہاس 58 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنائے۔ وہ 285 کے مجموعی اسکور پر سیم کرن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی نے آخری اوورز میں تیز بیٹنگ کرتے ہوئے 5 گیندوں پر 10 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ حارث رؤف 2 گیندوں پر 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3، گس اٹکنسن نے 2، جبکہ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔ حارث رؤف نے بین ڈکٹ کو 45 رنز پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کرکٹ کا میدان سجنے کو تیار، انگلش ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی

اس کے بعد عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ انہوں نے 8.4 اوورز میں 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ اننگز کے دوران ایک رن آؤٹ بھی کیا۔

ٹام بینٹن نے 53 گیندوں پر 57 رنز بنائے، تاہم عرفات منہاس نے انہیں آؤٹ کرکے انگلینڈ کی پیش قدمی روک دی۔ انہوں نے انگلش کپتان ہیری بروک کو بھی صرف 5 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 87 رنز سے جیت لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی، یوں قومی ٹیم نے سہ ملکی ون ڈے سیریز میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

5 متبادل سرخیاں

Related Articles